11 اپریل 2015 - 04:18
پاناما میں براعظم امریکہ کے ممالک کا سربراہی اجلاس شروع

پاناما میں براعظم امریکہ کے ممالک کا سربراہی اجلاس شروع ہو گیا ہے- اس اجلاس میں امریکی صدر باراک اوباما اور کیوبا کے صدر راؤل کاسترو بھی شریک ہیں-

اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق یہ دو روزہ اجلاس مقامی وقت کے مطابق رات سات بج کر چالیس منٹ جبکہ گرینچ کے وقت کے مطابق رات بارہ بج کر چالیس منٹ پر تیس ممالک کے سربراہوں کی موجودگی میں شروع ہوا- اس اجلاس میں کیوبا نے پہلی مرتبہ شرکت کی ہے- براعظم امریکہ کے ممالک کی تنظیم OAS (Organization of American States) کے سیکرٹری جنرل خوزہ میگل نے اس اجلاس میں اپنی افتتاحی تقریر میں اس کو تاریخی اجلاس قرار دیا اور کہا کہ یہ پہلی بار ہے کہ اس طرح کے اجلاس میں پینتیس ممالک کے سربراہ شریک ہیں- واضح رہے کہ امریکہ اور کیوبا کے درمیان پچاس برسوں تک اختلافات کے بعد جمعہ کے دن پہلی مرتبہ امریکی صدر باراک اوباما اور کیوبا کے صدر راؤل کاسترو کے درمیان ٹیلی فون پر گفتگو کی-
جبکہ امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے جمعرات کو پاناما سٹی میں کیوبا کے وزیر خارجہ برونو روڈریگز کے ساتھ ملاقات کی- امریکہ اور کیوبا کے درمیان ان رابطوں کو عالمی سطح پر انتہائی اہمیت دی جا رہی ہے-

.......

/169